بیجنگ (رم نیوز)رقص کرتے روبوٹ نے معصوم بچے کو 'تھپڑ' جڑ دیا، ویڈیو وائرل ہوگئی۔ چین کے صوبے شانشی میں منعقدہ ایک ٹیکنالوجی نمائش اس وقت خوف اور حیرت کا شکار ہو گئی جب رقص کا مظاہرہ کرنے والے ایک جدید ہیومینائڈ روبوٹ نے اچانک وہاں موجود ایک بچے کے چہرے پر تھپڑ دے مارا۔ اس واقعے نے جہاں تماشائیوں کو ششدر کر دیا، وہی مصنوعی ذہانت (AI) کے حفاظتی اقدامات پر بھی کئی سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔ برطانوی اخبار ’ڈیلی میل‘ کی رپورٹ کے مطابق، یہ ناخوشگوار واقعہ اس وقت پیش آیا جب جدید ترین ٹیکنالوجی سے لیس ایک روبوٹ اسٹیج پر رقص کی مہارت دکھا رہا تھا۔
رقص کے دوران جب روبوٹ نے اپنے مشینی بازو تیزی سے گھمائے، تو قریب کھڑا بچہ اس کی زد میں آ گیا۔بچے نے پیچھے ہٹ کر بچنے کی کوشش کی، لیکن روبوٹ کی حرکات اتنی تیز تھیں کہ اس کا سخت ہاتھ براہِ راست بچے کے منہ پر لگا۔ واقعے میں کسی بڑے جسمانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی، تاہم شو کی انتظامیہ نے فوری طور پر روبوٹ کو قابو میں کر کے حاضرین سے دور ہٹا دیا۔جس روبوٹ سے یہ خطا سرزد ہوئی وہ ”یونی ٹری جی ون“ (Unitree G1) ماڈل ہے۔ اسے انسانی حرکات کی بالکل درست نقل کرنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔اس واقعے کی ویڈیو وائرل ہوتے ہی سوشل میڈیا صارفین نے شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ ٹیکنالوجی اب بھی تجرباتی مراحل میں ہے اور مکمل طور پر قابلِ بھروسہ نہیں ہے۔ گزشتہ برسوں میں بھی روبوٹس کی جانب سے انسانوں پر لات مارنے اور توازن کھو کر گرنے کے واقعات سامنے آ چکے ہیں۔ صارفین نے والدین کو مشورہ دیا ہے کہ وہ روبوٹس کے قریب بچوں کی نگرانی خود کریں اور ان مشینوں کے آزادانہ استعمال کے لیے سخت حفاظتی پروٹوکولز وضع کیے جائیں۔یہ واقعہ اے آئی اور روبوٹکس کی دنیا میں انسانی ماحول، خصوصاً بچوں کی موجودگی میں مشینوں کے محفوظ استعمال کے حوالے سے ایک نئی عالمی بحث کا آغاز کر رہا ہے۔