لاہور(رم نیوز)پنجاب میں دفعہ 144 کے تحت ڈرون اڑانے پر پابندی میں مزید 30 روز کی توسیع کردی گئی ہے۔ محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفیکیشن کے مطابق، اب یہ پابندی 25 اپریل 2026 تک نافذ العمل رہے گی۔حالیہ احکامات کے مطابق صوبے کی حدود میں کھلی فضا (Outdoor) میں ہر قسم کے ڈرون اڑانے پر مکمل پابندی ہوگی۔
تاہم، عوامی سہولت اور تقریبات کو مدنظر رکھتے ہوئے کچھ رعایتیں بھی دی گئی ہیں۔ میرج ہالز اور مارکیز کے اندر ہونے والی تقریبات میں چھوٹے ڈرونز کے محدود استعمال کی اجازت ہوگی۔ اندرونی تقریبات میں ڈرون کے محفوظ استعمال اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی تمام تر ذمہ داری متعلقہ منتظمین پر عائد ہوگی۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں اور انٹیلیجنس ایجنسیوں کو اس پابندی سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے تاکہ وہ اپنی پیشہ ورانہ سرگرمیاں جاری رکھ سکیں۔
ترجمان محکمہ داخلہ کا کہنا ہے کہ عوامی تحفظ اور املاک کی حفاظت حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ اس حوالے سے پنجاب بھر کی انتظامیہ اور پولیس کو ہدایت جاری کر دی گئی ہے کہ وہ دفعہ 144 کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائیں۔ شہری اور فوٹوگرافرز 25 اپریل تک کسی بھی کھلی جگہ پر ڈرون اڑانے سے گریز کریں تاکہ قانونی پیچیدگیوں سے بچا جا سکے۔