ملک بھر میں مغربی ہوائیں داخل: 31 مارچ تک موسلادھار بارشوں، ژالہ باری اور سیلاب کا الرٹ

لاہور/اسلام آباد (رم نیوز) محکمہ موسمیات نے ملک کے بیشتر حصوں میں مغربی ہواؤں کے ایک طاقتور سلسلے کے داخل ہونے کی تصدیق کر دی ہے، جس کے باعث آج سے 31 مارچ تک موسلادھار بارشوں، برف باری اور ژالہ باری کا قوی امکان ہے۔ لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں مطلع ابر آلود ہے، جہاں 31 مارچ تک وقفے وقفے سے بارش متوقع ہے۔ لاہور کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 31ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔

پشاور، سوات، ایبٹ آباد اور ڈی آئی خان سمیت تمام اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ بالائی علاقوں میں برف باری جبکہ میدانی علاقوں میں ژالہ باری کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ کوئٹہ، گوادر، لسبیلہ اور قلعہ سیف اللہ سمیت صوبے کے بیشتر حصوں میں موسلادھار بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ شدید بارشوں کے باعث خضدار، کیچ اور شمالی اضلاع کے پہاڑی ندی نالوں میں درمیانے درجے کا سیلاب آ سکتا ہے۔ شہریوں اور سیاحوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ خراب موسم کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور ندی نالوں کے قریب جانے سے احتیاط برتیں۔