محسن نقوی کا سرکاری اداروں میں کرپشن کے خلاف بڑے کریک ڈاؤن کا حکم، زیرو ٹالرنس پالیسی نافذ

اسلام آباد (رم نیوز) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے وفاقی تحقیقاتی ادارے (FIA) کو سرکاری اداروں میں کرپشن کے خاتمے کے لیے فیصلہ کن کارروائیوں کا حکم دے دیا ہے۔ ایف آئی اے ہیڈ کوارٹر کے دورے کے موقع پر انہوں نے واضح کیا کہ وزیراعظم کے وژن کے مطابق بدعنوانی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ وزیر داخلہ نے ایف آئی اے میں جاری اصلاحاتی عمل کو رواں سال دسمبر تک مکمل کرنے کی ڈیڈ لائن دے دی ہے۔

انہوں نے ادارے کے انفراسٹرکچر پراجیکٹس کا معائنہ کرتے ہوئے تعمیراتی کام جلد مکمل کرنے کی ہدایت بھی کی۔ محسن نقوی نے حکم دیا کہ بیرون ملک ملازمتوں کے تمام اشتہارات کی آن لائن مانیٹرنگ کی جائے تاکہ شہریوں کو جعلی اور گمراہ کن اشتہارات کے ذریعے لٹنے سے بچایا جا سکے۔وفاقی وزیر نے ایف آئی اے کو ہر قسم کے منظم جرائم کے خلاف "ہراول دستے" کے طور پر متحرک کرنے کا اعلان کیا اور ادارے کو ہر سطح پر مکمل حکومتی تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ دورے کے دوران ڈی جی ایف آئی اے ڈاکٹر عثمان انور نے وفاقی وزیر کو ادارے کی کارکردگی اور مستقبل کے لائحہ عمل پر تفصیلی بریفنگ دی۔