پی ایس ایل 11: کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی فتوحات کا سلسلہ برقرار، حیدرآباد کنگزمین کو 40 رنز سے شکست

لاہور(رم نیوز) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے گیارہویں ایڈیشن کے پانچویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے حیدرآباد کنگزمین کو 40 رنز کے بڑے مارجن سے ہرا کر ایونٹ میں مسلسل دوسری کامیابی حاصل کر لی ہے۔ لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ میں کنگزمین کی ٹیم 175 رنز کے ہدف کے تعاقب میں مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں پر صرف 134 رنز ہی بنا سکی۔ اس سے قبل کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 174 رنز کا مجموعہ ترتیب دیا۔

گلیڈی ایٹرز کی جانب سے نوجوان بلے باز شمائل حسین ایک بار پھر مردِ آہن ثابت ہوئے اور 54 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، جبکہ حسن نواز نے 53 رنز بنا کر ان کا بھرپور ساتھ دیا۔ ٹام کرن 31 رنز کے ساتھ تیسرے نمایاں بلے باز رہے۔ دیگر کھلاڑیوں میں خواجہ نافع 6 اور کپتان سعود شکیل 4 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ ریلے روسو، بین ڈرموٹ اور الزاری جوزف بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔ حیدرآباد کنگزمین کی جانب سے ریلے میریڈیتھ نے 3، جبکہ مہیش تھکشانا اور عاکف جاوید نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔ 175 رنز کے ہدف کے تعاقب میں حیدرآباد کنگزمین کی بیٹنگ لائن گلیڈی ایٹرز کے بولرز کے سامنے ریت کی دیوار ثابت ہوئی۔

کنگزمین کی جانب سے عرفان خان 33، حسان خان 31 اور کپتان مارنوس لبوشیان 23 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ وکٹ کیپر بیٹر عثمان خان 14، صائم ایوب 8 اور حماد اعظم صرف 6 رنز بنا سکے۔ معاذ صداقت اپنا کھاتہ بھی نہ کھول سکے۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے ابرار احمد نے تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، احمد دانیال نے 2 جبکہ الزاری جوزف، عثمان طارق اور کپتان سعود شکیل نے ایک ایک شکار کیا۔