علاقائی کشیدگی میں گوادر پورٹ محفوظ ترین بحری مرکز بن گیا، خصوصی جہاز کی برتھنگ اہم سنگ میل ہے: جنید انوار چوہدری

اسلام آباد (رم نیوز)وفاقی وزیر برائے بحری امور محمد جنید انوار چوہدری نے ایک اہم بیان میں کہا ہے کہ گوادر پورٹ تیزی سے ایک محفوظ اور سٹریٹجک بحری مرکز کے طور پر ابھر رہا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال اور روایتی خلیجی راستوں پر جاری کشیدگی کے باعث عالمی شپنگ لائنز اب گوادر کو ایک قابلِ اعتماد اور محفوظ متبادل روٹ کے طور پر دیکھ رہی ہیں۔

وفاقی وزیر نے یہ باتیں ایسے وقت میں کی ہیں جب خصوصی جہاز ایم/وی ایچ ایم او لیڈر (M/V HMO Leader) کامیابی کے ساتھ گوادر پورٹ پر لنگر انداز ہوا۔ یہ جہاز 35 جنرل ٹرانس شپمنٹ کارگو یونٹس لے کر آیا ہے، جسے وفاقی وزیر نے ایک بڑا آپریشنل سنگ میل قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی میری ٹائم آپریٹرز کی جانب سے کارگو کے بہاؤ کو پاکستان کے جنوب مغربی ساحل کی طرف منتقل کرنا گوادر کی بڑھتی ہوئی اہمیت کا ثبوت ہے۔ جنید انوار چوہدری نے بتایا کہ بڑی تعداد میں بین الاقوامی شپنگ کمپنیاں کارگو سٹوریج اور آگے ترسیل کے لیے گوادر پورٹ سے رابطہ کر رہی ہیں۔ بندرگاہ کی مسابقتی حیثیت کو مضبوط بنانے کے لیے درج ذیل اقدامات کیے گئے ہیں۔

ٹرانس شپمنٹ کارگو کے لیے مفت اسٹوریج کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔ پورٹ اور فری زون میں اس وقت تقریباً 16 ہزار ٹی ای یوز کنٹینرائزڈ کارگو ہینڈل کرنے کی صلاحیت موجود ہے۔جنرل کارگو سٹوریج کے لیے 90 ہزار مربع میٹر کا رقبہ مختص کیا گیا ہے۔وفاقی وزیر نے زور دیا کہ ایم/وی ایچ ایم او لیڈر کی کامیاب ہینڈلنگ گوادر کی آپریشنل صلاحیتوں کا عملی مظاہرہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ مالی مراعات، بڑھتی ہوئی گنجائش اور نسبتاً مستحکم ماحول کے باعث یہ بندرگاہ بتدریج ایک اہم علاقائی تجارتی مرکز بننے کی جانب گامزن ہے۔ گوادر پورٹ پاکستان کی بلیو اکانومی کے فروغ اور عالمی منڈیوں کے ساتھ رابطوں کو بہتر بنانے میں مرکزی کردار ادا کرے گا۔