وزیراعظم شہباز شریف سے سعودی وزیر خارجہ کی اہم ملاقات، خطے میں امن و استحکام کے لیے مشترکہ سفارتی کوششوں پر زور

اسلام آباد (رم نیوز) وزیراعظم محمد شہباز شریف سے سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود نے وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات کی، جس میں مشرقِ وسطیٰ کی سنگین صورتحال، علاقائی امن اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور مشیر برائے قومی سلامتی لیفٹیننٹ جنرل عاصم ملک بھی موجود تھے۔ سعودی وزیر خارجہ کی وزیراعظم ہاؤس آمد پر وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور خارجہ طارق فاطمی نے ان کا استقبال کیا، جبکہ وزیراعظم شہباز شریف نے معزز مہمان کا پرتپاک خیرمقدم کیا۔

اس ملاقات سے قبل نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور سعودی وزیر خارجہ کے درمیان بھی تفصیلی نشست ہوئی، جس میں عالمی سطح پر بدلتی ہوئی صورتحال اور خطے کو درپیش چیلنجز پر غور کیا گیا۔ پاکستانی دفترِ خارجہ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق، ملاقات کے دوران درج ذیل اہم نکات پر اتفاق کیا گیا۔خطے میں دیرپا امن، سلامتی اور استحکام کے فروغ کے لیے مکالمے اور سفارت کاری کو ناگزیر قرار دیا گیا۔فریقین نے اس بات پر زور دیا کہ موجودہ کشیدگی کو کم کرنے کے لیے برادر اسلامی ممالک کے درمیان مسلسل رابطہ اور مشترکہ حکمت عملی وقت کی ضرورت ہے۔

یہ ملاقاتیں پاکستان کی میزبانی میں ہونے والے اس اہم چار فریقی اجلاس کا حصہ ہیں جس میں پاکستان، سعودی عرب، مصر اور ترکیہ کے وزرائے خارجہ شریک ہیں۔ دفترِ خارجہ کے مطابق، اسلام آباد میں ہونے والی یہ بیٹھک خطے میں جاری تناؤ کو کم کرنے اور کشیدگی کے خاتمے کے لیے کی جانے والی کوششوں کا ایک اہم حصہ ہے۔