پی ایس ایل 11: آخری اوور کا سنسنی خیز ڈرامہ، 5 رنز کی پنالٹی نے میچ کا رخ بدل دیا، کراچی کنگز کی قلندرز کے خلاف یادگار فتح

لاہور (رم نیوز)پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 11 کے چھٹے اور اہم ترین معرکے میں کراچی کنگز نے لاہور قلندرز کو ان کے ہوم گراؤنڈ پر 4 وکٹوں سے ہرا دیا۔ میچ کا فیصلہ آخری اوور کی تیسری گیند پر ہوا، جہاں امپائر کی جانب سے دی گئی 5 رنز کی پنالٹی اور عباس آفریدی کی جارحانہ بیٹنگ نے کراچی کی جیت پر مہر ثبت کر دی۔ میچ اس وقت سنسنی کی انتہا کو پہنچ گیا جب کراچی کنگز کو آخری اوور میں جیت کے لیے 14 رنز درکار تھے۔ تاہم، فیلڈ امپائر نے گیند کی حالت (Condition) میں تبدیلی پانے پر لاہور قلندرز کو 5 رنز کی پنالٹی لگا دی۔ اس فیصلے کے بعد ہدف کم ہو کر صرف 9 رنز رہ گیا۔

عباس آفریدی نے آخری اوور کی دوسری گیند پر چوکا اور تیسری پر زوردار چھکا جڑ کر صرف 2 گیندوں پر 10 رنز بنائے اور اپنی ٹیم کو فتح دلا دی۔ اس سے قبل لاہور قلندرز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا لیکن کراچی کی اسپن بولنگ کے سامنے بے بس نظر آئے۔ قلندرز مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں پر صرف 128 رنز بنا سکے۔ عبداللہ شفیق 33 رنز بنا کر کچھ مزاحمت کر سکے۔ لاہور نے آخری 5 اوورز میں صرف 20 رنز کے عوض 5 وکٹیں گنوائیں۔

کپتان شاہین شاہ آفریدی نے 18 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں اور اپنی ٹیم کو میچ میں واپس لانے کی بھرپور کوشش کی لیکن وہ رائیگاں گئی۔ایڈم زمپا نے 4 اوورز میں صرف 11 رنز دے کر 2 وکٹیں لیں، جبکہ معین علی اور میر حمزہ نے بھی 2، 2 شکار کیے۔محمد وسیم 38، سعد بیگ 19 اور معین علی 18 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ کراچی کنگز کے کپتان ڈیوڈ وارنر کا جیت کا عزم پورا ہوا، جبکہ لاہور قلندرز کے کپتان شاہین آفریدی کی 170-180 رنز بنانے کی توقعات کراچی کی نپی تلی بولنگ نے خاک میں ملا دیں۔