واشنگٹن(رم نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے انکشاف کیا ہے کہ پاکستان کے تعاون سے امریکہ اور ایران کے درمیان مذاکرات میں اہم پیشرفت ہو رہی ہے اور جلد کسی معاہدے تک پہنچنے کا امکان ہے۔ تاہم، ایک متنازع بیان میں انہوں نے ایران کے سب سے بڑے برآمدی مرکز 'خارگ آئی لینڈ' پر قبضہ کر کے ایرانی تیل حاصل کرنے کو اپنا "پسندیدہ آپشن" قرار دیا ہے۔
صدر ٹرمپ نے تصدیق کی کہ پاکستان کے ذریعے بات چیت آگے بڑھ رہی ہے اور ایران نے کئی پاکستانی جہازوں کو راستہ دیا ہے۔ امریکہ اب تک ایران میں 13,000 اہداف کو نشانہ بنا چکا ہے، جبکہ 3,000 اہداف باقی ہیں۔ٹرمپ کا کہنا ہے کہ ایران میں پرانی حکومت ختم ہو چکی ہے اور اب وہ ایک نئے اور "معقول" گروہ سے نمٹ رہے ہیں، جسے وہ عملی طور پر 'رجیم چینج' سمجھتے ہیں۔ صدر نے اپنے ناقدین کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ایرانی تیل پر قبضہ کرنا بہترین حکمت عملی ہوگی کیونکہ ان کے خیال میں اب ایرانی دفاع کمزور ہو چکا ہے۔