اسلام آباد(رم نیوز) پاکستان کی میزبانی میں ہونے والے اعلیٰ سطح کے مشاورتی اجلاس کے بعد سعودی عرب، ترکیہ اور مصر کے وزرائے خارجہ اپنے اپنے وطن واپس روانہ ہو گئے ہیں۔ اس اہم بیٹھک کا مقصد خطے میں جاری کشیدگی اور تنازعات کو سفارت کاری کے ذریعے حل کرنا تھا۔
اجلاس میں پاکستان، سعودی عرب کے وزیر خارجہ فیصل بن فرحان، ترکیہ کے ہاکان فدان اور مصر کے ڈاکٹر بدر عبدالعاطی نے شرکت کی۔ چاروں ممالک کے وزرائے خارجہ نے اس بات پر اتفاق کیا کہ تمام علاقائی تنازعات کو طاقت کے بجائے مذاکرات کے ذریعے حل کیا جانا چاہیے۔ یہ اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا، جہاں سعودی وزیر خارجہ کی خصوصی آمد سمیت دیگر وفود کی سکیورٹی اور سفارتی پروٹوکول کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔