اسلام آباد(رم نیوز)ایران امریکہ مذاکرات میں پاکستان کی ثالثی، وزیراعظم نے خطے میں امن کے لیے مخلصانہ کوششوں کا عزم ظاہر کیا ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان، ایران اور امریکہ کو مذاکرات کی میز پر لانے کے لیے سرگرم عمل ہے اور خطے میں کشیدگی کے خاتمے کے لیے اجتماعی کوششیں وقت کی ضرورت ہیں۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری بیان میں وزیراعظم نے واضح کیا کہ جنگ کے باعث ایران سمیت برادر اسلامی ممالک کی معیشت اور املاک کو شدید نقصان پہنچا ہے۔
انہوں نے اسلام آباد میں سعودی عرب، ترکیہ اور مصر کے وزرائے خارجہ کے ساتھ ہونے والی اہم بیٹھک کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی سفارتی کوششوں کا مقصد علاقائی امن و استحکام ہے۔ وزیراعظم نے ان ممالک کے تعاون پر شکریہ ادا کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان دونوں فریقین کے درمیان فاصلے کم کرنے کے لیے اپنا مثبت کردار ادا کرتا رہے گا۔