مشرقِ وسطیٰ بحران: صدر زرداری کا اعلیٰ سطح کا ہنگامی اجلاس طلب، عسکری و سیاسی قیادت شریک ہوگی

اسلام آباد (رم نیوز) مشرقِ وسطیٰ کی تیزی سے بدلتی ہوئی صورتحال اور خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے پیشِ نظر صدر مملکت آصف علی زرداری نے آج ایک اہم ترین مشاورتی اجلاس طلب کر لیا ہے۔ اجلاس میں ملکی سیاسی و عسکری قیادت خطے کی صورتحال، پاکستان کے ممکنہ کردار اور داخلی اثرات پر غور کرے گی۔ ذرائع کے مطابق صدر زرداری کی زیرِ صدارت ہونے والے اس اجلاس میں وزیراعظم شہباز شریف، اہم وفاقی وزراء، چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ اور اعلیٰ عسکری قیادت شرکت کرے گی۔

اجلاس میں ایران، امریکہ اور اسرائیل کے درمیان جاری حالیہ کشیدگی اور خلیجی ممالک پر حملوں سے پیدا ہونے والی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔ وزیر خارجہ اسحاق ڈار حالیہ "چار ملکی وزرائے خارجہ اجلاس" کے حوالے سے قیادت کو اعتماد میں لیں گے اور پاکستان کے بطور ثالث (Mediator) کردار پر مشاورت ہوگی۔

عالمی بحران کے پیشِ نظر ملک میں موجود پیٹرولیم مصنوعات کے ذخائر اور ان کی بلا تعطل فراہمی کے عمل کا جائزہ لیا جائے گا۔اجلاس میں جہاں بین الاقوامی معاملات زیرِ غور آئیں گے، وہیں داخلی سطح پر عوام کو ریلیف دینے کے لیے اہم فیصلے بھی متوقع ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں موٹر سائیکل اور رکشہ ڈرائیورز کو پیٹرولیم مصنوعات پر سبسڈی دینے سے متعلق حتمی فیصلہ کیا جا سکتا ہے۔ کفایت شعاری: حکومتی سطح پر اخراجات میں کمی اور کفایت شعاری پالیسی پر عملدرآمد کی پیش رفت کو بھی پرکھا جائے گا۔