اسلام آباد(رم نیوز) وفاقی وزیر برائے بحری امور محمد جنید انوار چوہدری کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ملک کی ساحلی پٹی پر نئی بندرگاہوں کے قیام اور بحری شعبے کی ترقی کے لیے بڑے فیصلوں کی منظوری دی گئی۔ وفاقی وزیر نے پاکستان میری ٹائم انرجی سٹی" کے قیام کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ اس منصوبے کا مقصد پاکستان کو خطے میں انرجی لاجسٹکس کا مرکز بنانا ہے۔ اس سٹی میں تیل، ایل این جی (LNG) اور ایل پی جی (LPG) کو ذخیرہ کرنے کے لیے جدید ترین سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ ساحلی پٹی پر 3 سے 4 نئی بندرگاہوں کی تعمیر کے لیے فیزیبلٹی رپورٹس آخری مراحل میں داخل ہو چکی ہیں۔ جنید انوار چوہدری نے واضح کیا کہ بڑی بندرگاہوں کی معاونت کے لیے چھوٹے انرجی یونٹس قائم کیے جائیں گے۔سو سالہ وژن کے تحت بحری شعبے میں طویل المدتی منصوبہ بندی جاری ہے۔صوبائی حکومتوں اور تمام اسٹیک ہولڈرز کو اس عمل میں شامل رکھا جائے گا۔