مجتبیٰ خامنہ ای مکمل صحت مند ہیں، سکیورٹی وجوہات پر منظرِ عام سے دور ہیں: ایرانی وزارتِ خارجہ

تہران (رم نیوز) ایرانی وزارتِ خارجہ کا کہنا ہے کہ مجتبیٰ خامنہ ای مکمل صحت مند ہیں، سیکیورٹی وجوہات پر منظرِ عام سے دور ہیں۔ ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے نئے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای کی صحت کے حوالے سے جاری افواہوں کو مسترد کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ وہ مکمل طور پر صحت مند ہیں اور ان کی عوامی منظر نامے سے دوری محض جنگی حالات اور سکیورٹی تدابیر کا حصہ ہے۔

مصری اخبار کو دیے گئے ایک حالیہ انٹرویو میں اسماعیل بقائی نے خطے کی صورتحال اور امریکہ کے کردار پر سخت تنقید کی۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ ایران اس وقت جنگی حالات سے گزر رہا ہے، ان حالات میں سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای کی حفاظت اولین ترجیح ہے۔ وہ صحت مند ہیں اور ریاستی امور کی نگرانی کر رہے ہیں، تاہم جنگی ماحول کی وجہ سے وہ فی الحال عوامی اجتماعات میں شرکت نہیں کر رہے۔ اسماعیل بقائی نے الزام عائد کیا کہ امریکہ نے اسرائیل کی اشتعال انگیزی اور غلط اندازوں کی بنیاد پر ایران کے خلاف جنگ چھیڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل کی جانب سے کی جانے والی مہم جوئی نے خطے کے امن کو داؤ پر لگا دیا ہے۔