لاہور(رم نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں صوبے میں جاری صحت کے چار بڑے منصوبوں کی پیشرفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کے دوران وزیراعلیٰ نے اعلان کیا کہ پنجاب حکومت انسانی ہمدردی کی بنیاد پر لاکھوں روپے مالیت کے پیچیدہ علاج اور ٹرانسپلانٹ کی سہولیات شہریوں کو بالکل مفت فراہم کر رہی ہے۔ چلڈرن ہارٹ سرجری پروگرام کی کامیابی اجلاس میں بتایا گیا کہ بچوں کے دل کے امراض کے علاج کے لیے شروع کیے گئے خصوصی پروگرام کے تحت اب تک 16,625 بچوں کی رجسٹریشن کی جا چکی ہے، جن میں سے 11,000 سے زائد بچوں کی کامیاب سرجریز مکمل ہوئیں۔
سرکاری ہسپتالوں کے ساتھ ساتھ نجی ہسپتالوں میں بھی 3,802 غریب بچوں کا علاج سرکاری خرچ پر کرایا گیا۔ مفت ٹرانسپلانٹ اور بھاری اخراجات سی ایم سپیشل ٹرانسپلانٹ پروگرام کے تحت جگر، گردے اور دیگر اعضاء کی پیوند کاری کے اعداد و شمار پیش کیے گئے۔ 255 مریضوں کے جگر کی پیوند کاری مفت کی گئی، جس میں فی مریض 65 لاکھ روپے کے اخراجات حکومتِ پنجاب نے برداشت کیے۔ 799 مریضوں کے گردوں، 460 کے کوکلیر (سماعت)، 32 کے کارنیل (آنکھ) اور 28 مریضوں کے بون میرو ٹرانسپلانٹ کامیابی سے مکمل ہوئے۔
ڈائیلسز کی مفت سہولت گردوں کے امراض سے متعلق بریفنگ میں بتایا گیا کہ صوبے بھر میں 38,125 مریض رجسٹرڈ ہیں جن کے اب تک 15 لاکھ سے زائد ڈائیلسز پروسیجرز مکمل کیے جا چکے ہیں۔ وزیراعلیٰ کا پیغام اس موقع پر مریم نواز شریف نے عزم ظاہر کرتے ہوئے کہا غریب ہو یا امیر، تمام بچے میرے اپنے بچوں کی طرح ہیں۔ پنجاب حکومت ہر ممکن وسائل بروئے کار لا کر عوام کو صحت کی بہترین سہولیات دہلیز پر فراہم کر رہی ہے۔ ہزاروں کامیاب آپریشنز ہماری کارکردگی کا واضح ثبوت ہیں۔