پاکستان سٹاک ایکسچینج کریش، ایک ہی دن میں 5000 پوائنٹس کی تاریخی گراوٹ

کراچی (رم نیوز)امریکی صدر کے جنگ جاری رکھنے سے متعلق بیان نے عالمی مالیاتی منڈیوں میں سنسنی پھیلا دی، جس کے براہِ راست اثرات پاکستان سٹاک مارکیٹ پر مرتب ہوئے۔ کاروباری ہفتے کے چوتھے روز مارکیٹ شدید ترین مندی کا شکار ہو گئی اور ہنڈرڈ انڈیکس ایک ہی ہلے میں 5 ہزار سے زائد پوائنٹس گر گیا۔

گزشتہ روز 6 ہزار 768 پوائنٹس کے ریکارڈ اضافے کے بعد ایک لاکھ 55 ہزار 511 کی سطح پر بند ہونے والا انڈیکس آج شدید دباؤ میں رہا۔ کاروبار کے دوران 5000 پوائنٹس کی کمی کے ساتھ انڈیکس 1 لاکھ 50 ہزار کی نفسیاتی حد تک گر گیا، جس سے سرمایہ کاروں کے اربوں روپے ڈوب گئے۔

امریکی بیان کے باعث صرف پاکستان ہی نہیں بلکہ دیگر ایشیائی منڈیاں بھی گر گئیں۔جاپان میں نکی انڈیکس میں تقریباً 2.5 فیصد کی بڑی گراوٹ دیکھی گئی۔ہانگ کانگ میں ہانگ سینگ انڈیکس 1 فیصد سے زائد گر گیا۔ چین میں شنگھائی کمپوزٹ میں بھی مندی کا رجحان غالب رہا۔