خیبر پختونخوا میں 4 اپریل تک طوفانی بارشوں کا الرٹ،فلیش فلڈ اور لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ، سیاحوں کو محتاط رہنے کی ہدایت

پشاور (رم نیوز) محکمہ موسمیات نے خیبر پختونخوا کے بیشتر اضلاع میں آج سے 4 اپریل تک شدید بارشوں، آندھی اور ژالہ باری کی پیشگوئی کر دی ہے۔ موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث مقامی ندی نالوں میں طغیانی (فلیش فلڈ) اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا شدید خطرہ ظاہر کیا گیا ہے۔ خیبر، اورکزئی، کرم، ہنگو، کوہاٹ، کرک، بنوں، وزیرستان، ٹانک اور ڈی آئی خان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

چترال، دیر، سوات، مالاکنڈ، کوہستان اور مانسہرہ سمیت دیگر اضلاع میں موسلادھار بارش اور بلند پہاڑوں پر برفباری کی توقع ہے۔ پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، صوابی اور مردان میں آندھی، گرج چمک اور بعض مقامات پر ژالہ باری کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ شدید آندھی اور آسمانی بجلی کے باعث بجلی کے کھمبے، سولر پینلز، بل بورڈز اور کمزور ڈھانچوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔ کھڑی فصلوں کو ژالہ باری اور تیز ہواؤں سے خطرہ ہے۔

سیاح اور مسافر پہاڑی علاقوں میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور سفر کے دوران خصوصی احتیاط برتیں۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے اعداد و شمار گزشتہ روز سب سے زیادہ بارش ڈیرہ اسماعیل خان میں 21 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی، جبکہ پارا چنار میں 17 اور بنوں میں 9 ملی میٹر بارش ہوئی۔ درجہ حرارت کے لحاظ سے ڈیرہ اسماعیل خان 30 ڈگری سینٹی گریڈ کے ساتھ گرم ترین، جبکہ کالام 4 ڈگری سینٹی گریڈ کے ساتھ سرد ترین مقام رہا۔