بلوچستان میں اساتذہ اور ڈاکٹرز کی غیر حاضری کا خاتمہ، گڈ گورننس کے ثمرات سامنے آنے لگے:سرفراز بگٹی

کوئٹہ (رم نیوز) وزیر اعلی بلوچستان سرفراز بگٹی کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں اساتذہ اور ڈاکٹرز کی غیر حاضری کا خاتمہ ہوا اور گڈ گورننس کے ثمرات سامنے آنے لگے ہیں۔ وزیراعلیٰ کے مطابق، صوبے بھر میں اساتذہ اور ڈاکٹرز کی غیر حاضری کی شکایات اب ایک فیصد سے بھی کم رہ گئی ہیں۔

گزشتہ 9 ماہ کے دوران بلوچستان کے 36 اضلاع میں 412 کھلی کچہریوں کا انعقاد کیا گیا، جہاں مجموعی طور پر 3,675 شکایات موصول ہوئیں۔ رواں سال مارچ میں موصول ہونے والی 871 شکایات میں سے صرف 4 شکایات عملے کی غیر حاضری سے متعلق تھیں، جو حکومتی اقدامات کی کامیابی کا واضح ثبوت ہے۔ سرفراز بگٹی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے پیغام میں کہا کہ اب کھلی کچہریوں میں عوام غیر حاضری کے بجائے سروس ڈلیوری کے دیگر مسائل کی نشاندہی کر رہے ہیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ حکومت صوبے کے تمام سکولوں اور ہسپتالوں کو مکمل طور پر فعال بنانے اور شفافیت کے نظام کو مزید مضبوط کرنے کے لیے پرعزم ہے۔