کراچی میں بادلوں کی تاریخی انٹری: 41 سالہ ریکارڈ پاش پاش، شہر جل تھل

کراچی (رم نیوز) کراچی میں جمعرات کے روز ہونے والی موسلادھار بارش نے گذشتہ چار دہائیوں کے تمام ریکارڈ توڑ دیے۔ مغربی سسٹم کے زیرِ اثر ہونے والی اس غیر معمولی بارش نے شہرِ قائد میں اپریل کے مہینے کا 41 سالہ ریکارڈ ختم کر کے ایک نیا سنگِ میل قائم کر دیا ہے۔محکمہ موسمیات کی رپورٹ کے مطابق، شہر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 38.6 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ اس سے قبل اپریل کے مہینے میں 24 گھنٹوں کے دوران سب سے زیادہ بارش کا ریکارڈ 1985 میں 37.0 ملی میٹر تھا، جو اب 41 سال بعد ٹوٹ گیا ہے۔

جمعرات 2 اپریل کی صبح سے شروع ہونے والا مغربی سسٹم دوپہر تک شدت اختیار کر گیا۔ بادلوں کی گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ ہونے والی موسلادھار بارش نے گرمی کا زور توڑ دیا اور شہریوں کو دسمبر کی یاد دلا دی۔ شہر کے کئی علاقوں میں بارش کے ساتھ ژالہ باری (اولے) بھی ہوئی، جس سے درجہ حرارت میں اچانک کمی واقع ہوئی۔ شدید بارش کے باعث مختلف شاہراہوں اور نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہو گیا، جس سے 'اربن فلڈنگ' کی صورتحال پیدا ہوئی۔ سڑکوں پر پانی جمع ہونے سے دفتروں سے گھر جانے والے ملازمین اور شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

ریکارڈ توڑ بارش کے باعث جہاں انتظامی مشکلات پیدا ہوئیں، وہیں شہریوں کی بڑی تعداد نے طویل عرصے بعد اپریل میں ہونے والی اس ٹھنڈک کا رخ کیا اور موسم کو بھرپور انجوائے کیا۔ محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ مغربی ہواؤں کا یہ سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہ سکتا ہے، جس کے پیشِ نظر متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔