تہران(رم نیوز) ایران نے آپریشن 'وعدہ صادق 4' کی 93ویں لہر کے تحت اسرائیل اور خطے میں موجود امریکی فوجی اڈوں پر میزائلوں اور ڈرونز سے شدید حملے کیے ہیں۔ پاسدارانِ انقلاب کے مطابق یہ حملے شہید نیول چیف ریئر ایڈمرل علی رضا تنگسیری کی یاد میں کیے گئے ہیں۔ موساد ہیڈکوارٹر کی تباہی: ایران نے تل ابیب میں صیہونی انٹیلی جنس ایجنسی 'موساد' کے ہیڈکوارٹر کو گائیڈڈ میزائل سے تباہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
اسرائیلی شہروں کو نشانہ: تل ابیب، حیفہ، مغربی گلیلی اور نیگیو کے صنعتی علاقوں میں متعدد عمارتوں اور تنصیبات کو نقصان پہنچا، جبکہ دفاعی نظام میزائل روکنے میں ناکام رہا۔ ایرانی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے امریکہ کے تین جنگی طیارے (F-35, A-10, F-15) مار گرائے ہیں۔ اس کے علاوہ اردن، کویت اور بحرین میں امریکی فوجی اڈوں اور سپلائی مراکز کو بھی ڈرونز سے نشانہ بنایا گیا۔ ایران میں امریکی و اسرائیلی فضائی حملوں کے نتیجے میں مزید 3 شہری شہید ہو گئے، جس کے بعد 28 فروری سے اب تک شہدا کی مجموعی تعداد 2,000 سے تجاوز کر گئی ہے۔ لبنان کی سرحد پر حزب اللہ نے بھی اسرائیلی فوجیوں اور توپ خانے پر میزائل حملے کیے، جس سے متعدد گاڑیاں تباہ ہوئیں۔