سلامتی کونسل: آبنائے ہرمز طاقت سے کھولنے کی قرارداد مسترد، ووٹنگ منسوخ

نیویارک(رم نیوز) اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل میں آبنائے ہرمز کو طاقت کے ذریعے کھلوانے سے متعلق پیش کی گئی قرارداد پر ووٹنگ کا عمل شدید اختلافات کے باعث منسوخ کر دیا گیا ہے۔ سفارتی ذرائع کے مطابق سلامتی کونسل کے مستقل ارکان چین، روس اور فرانس نے قرارداد کے مسودے کی سخت مخالفت کی، جبکہ کونسل کے دیگر 10 غیر مستقل اراکین بھی مسودے پر متفق نہ ہو سکے۔

اتفاقِ رائے کی عدم موجودگی اور ویٹو پاور رکھنے والے ممالک کی مخالفت کے باعث ووٹنگ کو غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دیا گیا ہے۔ ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے اس پیش رفت پر ردِعمل دیتے ہوئے کہا کہ طاقت کا استعمال یا ایسی قراردادیں خطے کی صورتحال کو مزید پیچیدہ بنا دیں گی۔واضح رہے کہ ایران پر امریکی و اسرائیلی حملوں کے بعد سے 28 فروری سے آبنائے ہرمز کی اہم تجارتی گزرگاہ بند ہے، جس سے عالمی تجارت کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ فی الحال قرارداد پر دوبارہ غور یا ووٹنگ کے لیے کسی نئی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا۔