واٹس ایپ کا انقلابی فیچر: اب ڈھیروں میسجز پڑھنے کے بجائے 'اے آئی سمری' حاصل کریں

کیلیفورنیا(رم نیوز) میٹا کی زیرِ ملکیت دنیا کی مقبول ترین میسجنگ ایپ واٹس ایپ ایک ایسے سمارٹ فیچر پر کام کر رہی ہے جو صارفین کو ان کے سینکڑوں 'ان ریڈ' (Unread) پیغامات کا خلاصہ فراہم کرے گا۔اکثر صارفین سینکڑوں گروپس اور چیٹس کا حصہ ہونے کی وجہ سے تمام پیغامات نہیں پڑھ پاتے، جس سے اہم معلومات رہ جاتی ہیں۔ اس مسئلے کے حل کے لیے واٹس ایپ ایک اے آئی (AI) ٹول متعارف کروا رہا ہے جو متعدد چیٹس کو سلیکٹ کرنے پر ان میں ہونے والی گفتگو کی مختصر سمری پیش کر دے گا

خلاصہ تیار کرنے کے لیے 'پرائیویٹ پراسیسنگ' ٹیکنالوجی استعمال ہوگی، جس کا مطلب ہے کہ واٹس ایپ یا میٹا خود ان پیغامات یا سمری تک رسائی حاصل نہیں کر سکیں گے۔ یہ فیچر خاص طور پر ان افراد کے لیے ہے جو وقت کی کمی کے باعث طویل چیٹس نہیں پڑھ سکتے۔ایڈوانسڈ چیٹ پرائیویسی والے پیغامات پر یہ فیچر کام نہیں کرے گا۔ فی الوقت یہ فیچر واٹس ایپ کے بیٹا (Beta) ورژن میں آزمائشی مراحل میں ہے اور جلد ہی اسے تمام صارفین کے لیے پیش کیے جانے کا امکان ہے۔