کراچی: میٹرک بورڈ کے 7 اپریل سے شروع ہونے والے امتحانات ملتوی، نئی تاریخ کا اعلان

کراچی(رم نیوز) میٹرک بورڈ کراچی نے طلبہ کے وسیع تر مفاد اور انتظامی وجوہات کے پیشِ نظر 7 اپریل سے شروع ہونے والے میٹرک کے سالانہ امتحانات ملتوی کرنے کا بڑا فیصلہ کیا ہے۔میٹرک بورڈ کراچی کے چیئرمین غلام حسین سوہو کے مطابق، ملتوی شدہ امتحانات اب 10 اپریل بروز جمعہ سے شروع ہوں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ یہ اہم فیصلہ طلبہ کی سہولت اور ان کے وسیع تر مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔

پرائیویٹ سکولز ایسوسی ایشن اور باخبر ذرائع کی جانب سے امتحانات ملتوی ہونے کی درج ذیل بڑی وجوہات سامنے آئی ہیں۔سکولز ایسوسی ایشن کا مؤقف ہے کہ میٹرک بورڈ تاحال ہزاروں طلبہ کو ایڈمٹ کارڈ جاری کرنے میں ناکام رہا تھا، جس کی وجہ سے بروقت امتحان لینا ممکن نہیں تھا۔ ذرائع کے مطابق متعدد اسکولز مقررہ تاریخ تک امتحانی فارم جمع نہیں کروا سکے تھے، اور گزشتہ 3 دنوں کے دوران ہزاروں فارمز لیٹ فیس کے ساتھ جمع کیے گئے، جس سے بورڈ پر کام کا دباؤ بڑھ گیا۔ 7 اپریل سے شروع ہونے والے پرچے اب ری شیڈول ہوں گے، لہٰذا طلبہ اپنے سکولوں یا بورڈ کی آفیشل ویب سائٹ سے نیا شیڈول ضرور چیک کریں۔