گوادر پورٹ پر تجارتی سرگرمیوں میں تیزی: ایک اور عالمی کارگو جہاز کی آمد، وفاقی وزیر کا اعلان

گوادر / اسلام آباد(رم نیوز)گوادر پورٹ پر ایک اور بڑے عالمی کارگو جہاز کی آمد ہوئی ہے، جس کے بعد بندرگاہ پر تجارتی سرگرمیوں میں واضح تیزی ریکارڈ کی جا رہی ہے۔ وفاقی وزیر برائے بحری امور، محمد جنید انوار چوہدری نے اس حوالے سے اہم تفصیلات جاری کی ہیں۔ وفاقی وزیر نے اعلان کیا ہے کہ گوادر پورٹ پر کارگو بحری جہاز ایم وی ریوا گلوری (MV Riva Glory) پہنچ چکا ہے، جو اپنے ساتھ 14,629 میٹرک ٹن کارگو لے کر آیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ گوادر پورٹ پر کارگو جہازوں کی مسلسل آمد اس بات کا ثبوت ہے کہ عالمی شپنگ کمپنیوں کا پاکستان کی اس بندرگاہ پر اعتماد تیزی سے بحال ہو رہا ہے۔ پورٹ پر بڑھتی ہوئی سرگرمیاں اس کی جغرافیائی اور سٹریٹجک اہمیت کا واضح ثبوت ہیں۔گوادر پورٹ اب خطے میں ٹرانزٹ (Transit) اور ٹرانس شپمنٹ (Trans-shipment) تجارت کا ایک انتہائی اہم مرکز بنتا جا رہا ہے۔

وفاقی وزیر نے عزم کا اظہار کیا کہ حکومت بندرگاہی نظام کو مزید مؤثر، جدید اور فعال بنانے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ گوادر آنے والے تمام سرمایہ کاروں اور شپنگ کمپنیوں کو عالمی معیار کی مکمل سہولیات فراہم کی جائیں گی کیونکہ حکومت اس بندرگاہ کو دنیا کا بہترین میرین گیٹ وے بنانے کے لیے پرعزم ہے۔