پشاور(رم نیوز) پاکستان تحریک انصاف (PTI) نے 9 اپریل کو راولپنڈی میں شیڈول جلسے کو تاریخی 'پاور شو' بنانے کے لیے جامع حکمتِ عملی فائنل کر لی ہے، جس کے تحت وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا خود پشاور سے نکلنے والے مرکزی قافلے کی قیادت کریں گے۔ اس سلسلے میں پشاور میں وزیرِ اعلیٰ کی صدارت میں پی ٹی آئی پارلیمانی کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا۔ پارٹی ذرائع کے مطابق اجلاس میں طے پانے والی حکمتِ عملی کے اہم نکات درج ذیل ہیں۔
9 اپریل کو پشاور سے راولپنڈی کے لیے ایک بڑا قافلہ وزیرِ اعلیٰ کی قیادت میں جی ٹی روڈ کے ذریعے روانہ ہو گا۔ پی ٹی آئی نے فیصلہ کیا ہے کہ احتجاج اور سفر کے دوران انتظامیہ کے ساتھ کسی بھی قسم کے تصادم سے مکمل گریز کیا جائے گا۔ اگر قافلے کو راولپنڈی پہنچنے سے پہلے راستے میں کسی بھی جگہ روکا گیا تو کارکن تصادم کرنے کے بجائے اسی مقام پر دھرنا دے کر جلسہ وہیں منعقد کریں گے۔
جلسے کو ہر لحاظ سے بڑا اور کامیاب بنانے کے لیے پارٹی کی صوبائی قیادت نے سخت ڈسپلن نافذ کیا ہے۔ہر ایم این اے (MNA) اور ایم پی اے (MPA) کو پابند کیا گیا ہے کہ وہ اپنے اپنے حلقوں سے کم از کم 500 کارکنوں کو لازمی ہمراہ لائیں تاکہ مرکز میں ایک بڑا عوامی دباؤ اور پاور شو کیا جا سکے۔