اسلام آباد (رم نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے سابق وفاقی وزیر مراد سعید کی نااہلی کے بعد خالی ہونے والی سینیٹ کی نشست کے لیے عرفان سلیم کو اپنا امیدوار نامزد کر دیا ہے۔ پی ٹی آئی پارلیمانی بورڈ کے فیصلے کے مطابق سجاد مہمند، غلام بادشاہ اور سردار خان کو متبادل (کورننگ) امیدوار کے طور پر رکھا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق سینیٹ کی اس اہم نشست کے لیے پی ٹی آئی کو 54 امیدواروں کی جانب سے درخواستیں موصول ہوئی تھیں۔ امیدوار کے حتمی انتخاب کے لیے پارلیمانی بورڈ کا اہم اجلاس گزشتہ رات خیبر پختونخوا ہاؤس اسلام آباد میں ہوا، جس میں مختلف ناموں پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔ اجلاس میں عرفان سلیم اور فیض الرحمان کے ناموں پر غور کیا گیا۔ فیض الرحمان نے بانی پی ٹی آئی کے کیسز میں قانونی معاونت کا یقین دلایا تھا، تاہم قرعہ فال عرفان سلیم کے نام نکلا۔
دوسری جانب، اپوزیشن اتحاد کی جانب سے اخوانزادہ حسین یوسفزئی کا نام تجویز کیا گیا تھا۔ علامہ ناصر عباس اور محمود خان اچکزئی نے پی ٹی آئی قیادت کو یہ نام بھجوایا تھا، جس کی تصدیق علامہ ناصر عباس نے میڈیا سے گفتگو کے دوران بھی کی ہے۔رپورٹس کے مطابق، ٹکٹ کی تقسیم کے معاملے پر پارٹی کے اندرونی حلقوں میں کچھ اختلافات بھی سامنے آئے ہیں۔ خاص طور پر عرفان سلیم کا نام 9 مئی کے واقعات میں شامل ہونے کے حوالے سے بھی بحث کی گئی، تاہم قیادت نے ان پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے مراد سعید کو سینیٹ کی رکنیت سے نااہل قرار دے دیا تھا، جس کے بعد یہ نشست خالی ہوئی تھی۔ اس نشست پر ضمنی انتخاب 23 اپریل کو ہوگا، جہاں پی ٹی آئی اور اپوزیشن کے نامزد امیدواروں کے درمیان مقابلہ متوقع ہے۔