بلوچستان میں جعفر ایکسپریس کی سروس ایک روز کے لیے معطل

کوئٹہ (رم نیوز) ریلوے انتظامیہ نے ٹریک کی ضروری مرمت اور مسافروں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے جعفر ایکسپریس کی سروس ایک روز کے لیے عارضی طور پر معطل کر دی ہے۔ اس فیصلے کے باعث کوئٹہ اور پشاور کے درمیان ٹرینوں کی آمد و رفت متاثر ہوئی ہے۔

ریلوے حکام کے مطابق روانگی کوئٹہ سے پشاور جانے والی جعفر ایکسپریس آج اپنی منزل کے لیے روانہ نہیں ہو سکی۔ پشاور سے کوئٹہ آنے والی ٹرین کو بھی حفاظتی اقدامات کے پیشِ نظر جیکب آباد کے مقام پر روک دیا گیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹریک کی ہنگامی بنیادوں پر مرمت کی جا رہی ہے تاکہ سفر کو مکمل طور پر محفوظ بنایا جا سکے۔ انتظامیہ کا موقف ہے کہ مسافروں کی جان و مال کی حفاظت ان کی اولین ترجیح ہے، اسی لیے یہ عارضی تعطل لایا گیا ہے۔

ریلوے انتظامیہ نے یقین دہانی کرائی ہے کہ جیسے ہی مرمتی کام مکمل ہوگا، جعفر ایکسپریس کی سروس کو شیڈول کے مطابق بحال کر دیا جائے گا۔ مسافروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مزید معلومات اور اپ ڈیٹس کے لیے ریلوے ہیلپ لائن سے رابطہ کریں۔