کراچی میں تیز ہواؤں کا راج: محکمہ موسمیات نے آئندہ 3 روز کی پیش گوئی جاری کر دی

کراچی (رم نیوز) شہرِ قائد میں بارشوں کا سلسلہ تھمنے کے بعد موسم نے ایک بار پھر کروٹ بدل لی ہے اور شہر میں معمول سے تیز ہوائیں چلنے کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے ارلی وارننگ سینٹر نے کراچی سمیت سندھ کے دیگر اضلاع کے لیے آئندہ 72 گھنٹوں کی رپورٹ جاری کر دی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں آج دن بھر معمول سے تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے، جس سے موسم خوشگوار رہے گا۔

تاہم بدھ اور جمعرات شہر میں زیادہ تر دھوپ رہنے کی توقع ہے اور گرمی کی شدت میں معمولی اضافہ ہو سکتا ہے۔ الرٹ کے مطابق شہر میں وقفے وقفے سے گرج چمک کے ساتھ دوبارہ بارش کا امکان بھی رد نہیں کیا جا سکتا۔ محکمہ موسمیات نے سندھ کے ساحلی اور قریبی اضلاع کے لیے بھی الرٹ جاری کیا ہے۔ حیدرآباد، ٹنڈو محمد خان، جامشورو، سجاول، بدین، ٹھٹھہ، تھرپارکر اور عمر کوٹ میں بھی تیز ہوائیں چلنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

صوبے کے دیگر بالائی اور وسطی اضلاع میں موسم مجموعی طور پر خشک رہنے کا امکان ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ بارش کے بعد چلنے والی یہ ہوائیں سمندری اثرات کے باعث ہیں، تاہم شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ بدلتے موسم کے پیشِ نظر احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔