اسلام آباد (رم نیوز) وفاقی دارالحکومت کے شہریوں کو پیٹرول سبسڈی کی سہولت سے مستفید کرنے کے لیے محکمہ ایکسائز نے ایک بڑا ریلیف پیکیج متعارف کروا دیا ہے۔ اب شہری اپنی موٹر سائیکلیں بغیر کسی فیس کے اپنے نام منتقل کروا سکیں گے، جس کا مقصد حکومتی سبسڈی کا فائدہ براہِ راست اصل مالکان تک پہنچانا ہے۔ ڈی جی ایکسائز اسلام آباد، عرفان میمن کے مطابق، پیٹرول سبسڈی کے حصول کے لیے موٹر سائیکل کا شناختی کارڈ کے مطابق اپنے نام پر ہونا لازمی ہے۔
اس عمل میں حائل مالی رکاوٹوں کو دور کرنے کے لیے درج ذیل اقدامات کیے گئے ہیں ۔ موٹر سائیکل کی ملکیت کی تبدیلی پر لگنے والی تمام فیسیں فوری طور پر ختم کر دی گئی ہیں۔ شہریوں کی بڑی تعداد کو سہولت دینے کے لیے ایکسائز دفتر اب 24 گھنٹے کھلا رہے گا۔ درخواست گزاروں کے رش سے نمٹنے کے لیے دفتر میں اضافی کاؤنٹرز بھی قائم کر دیے گئے ہیں۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ بہت سے مستحق شہری صرف اس لیے پیٹرول سبسڈی سے محروم رہ جاتے ہیں کیونکہ ان کی بائیک کسی دوسرے کے نام پر رجسٹرڈ ہوتی ہے۔ فیس کے خاتمے سے اب غریب اور متوسط طبقہ قانونی طور پر گاڑی اپنے نام کروا کر سستے پیٹرول کی اسکیم کا حصہ بن سکے گا۔