اسلام آباد میں نیا ٹائم ٹیبل نافذ، دکانیں رات 8 اور شادی ہالز 10 بجے بند کرنے کا نوٹیفیکیشن جاری

اسلام آباد (رم نیوز) وفاقی دارالحکومت کی ضلعی انتظامیہ نے شہر بھر میں تجارتی و سماجی سرگرمیوں کے اوقات کار محدود کرنے کا بڑا فیصلہ کیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفیکیشن کے مطابق، دکانیں، مارکیٹیں اور شاپنگ مالز اب رات 8 بجے بند کرنا لازمی ہوں گے۔ یہ احکامات 7 اپریل 2026 سے تاحکم ثانی نافذ العمل رہیں گے۔ نوٹیفیکیشن کے مطابق پورے ہفتے کے دوران درج ذیل شیڈول پر عمل درآمد کیا جائے گا۔ تمام چھوٹی بڑی دکانیں اور شاپنگ مالز رات 8 بجے بند کر دیے جائیں گے۔

ہوٹلز، فوڈ آؤٹ لیٹس اور ریسٹورنٹس کے لیے رات 10 بجے کا وقت مقرر کیا گیا ہے، تاہم ٹیک اوے اور ہوم ڈیلیوری سروسز اس پابندی سے مستثنیٰ ہوں گی۔شادی ہالز، گھروں اور فارم ہاؤسز میں ہونے والی تمام تقریبات کو رات 10 بجے تک ختم کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔ عوامی سہولت اور ہنگامی ضروریات کے پیشِ نظر درج ذیل شعبوں پر یہ نوٹیفیکیشن لاگو نہیں ہوگا۔ ہسپتال، لیبارٹریز اور میڈیکل سٹورز چوبیس گھنٹے کھلے رہ سکیں گے۔ تندور، بیکریاں اور دودھ کی دکانوں کو بندش سے استثنیٰ حاصل ہے۔

پیٹرول پمپس اور سی این جی سٹیشنز پر بھی اوقات کی کوئی پابندی نہیں ہوگی۔ ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے واضح کیا ہے کہ ان احکامات کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ضلعی انتظامیہ اور پولیس کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ شہر بھر میں ان اوقات کار پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں تاکہ توانائی کی بچت اور نظم و ضبط کے حکومتی اہداف حاصل کیے جا سکیں۔