واشنگٹن اور تہران جنگ بندی پر راضی، اسرائیل نے بھی بمباری روک دی

اسلام آباد / واشنگٹن (رم نیوز)پاکستان کی عالمی سطح پر ایک ایسی سفارتی فتح سامنے آئی ہے جس نے دنیا کو تیسری عالمی جنگ کے خطرے سے دوچار ہونے سے بچا لیا۔ وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی "شٹل ڈپلومیسی" نے ناممکن کو ممکن بنا دیا، جس کے نتیجے میں صدر ٹرمپ نے ایران پر حملے کا ارادہ ترک کر کے دو ہفتوں کی مہلت دے دی۔ پاکستان کی درخواست پر صدر ٹرمپ نے حملے کی ڈیڈ لائن میں 14 دن کا اضافہ کر دیا۔پاکستان کے مشورے پر تہران نے بھی آبنائے ہرمز کو عالمی تجارت کے لیے کھول دیا اور عارضی جنگ بندی پر آمادگی ظاہر کی۔ فریقین اب ایران کے 10 نکاتی امن منصوبے پر مذاکرات کریں گے، جس کے بارے میں ٹرمپ کا کہنا ہے کہ "ہم حتمی معاہدے کے بہت قریب ہیں۔ پاکستان کی اس کامیابی کے بعد اسرائیل نے بھی اپنی فضائی کارروائیاں فوری طور پر روک دی ہیں۔