ایران امریکہ جنگ بندی کے عالمی اثرات: دبئی میں سونے کی قیمتوں میں تاریخی اضافہ

دبئی/کراچی (رم نیوز) مشرقِ وسطیٰ میں ایران اور امریکہ کے درمیان دو ہفتوں کے لیے دشمنی روکنے اور مذاکرات کی بحالی کے معاہدے نے عالمی صرافہ مارکیٹ میں نئی روح پھونک دی ہے۔ عالمی منڈی میں سونے کی قیمت 4 ہزار 850 ڈالر فی اونس کی ریکارڈ سطح عبور کر گئی ہے، جس کے باعث دبئی کی ریٹیل مارکیٹ میں ایک ہی دن میں بڑی چھلانگ دیکھی گئی ہے۔ گلف نیوز کے مطابق، بدھ کی صبح دبئی میں سونے کی قیمتوں میں فی گرام 11 درہم کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

24 قیراط سونے کی گزشتہ روز کی قیمت 566.25 درہم سے بڑھ کر 577.50 درہم فی گرام پر پہنچ گئی ہے۔22 قیراط سونے کی قیمت فی گرام قیمت 534.75 درہم ریکارڈ کی گئی۔ حالیہ ہفتوں میں دیکھی جانے والی مندی کے بعد اسے ایک دن کے دوران ہونے والا سب سے بڑا اضافہ قرار دیا جا رہا ہے۔ اس اضافے کے اثرات سعودی عرب، عمان، بھارت اور دیگر علاقائی مارکیٹوں پر بھی مرتب ہوئے ہیں۔ عالمی مارکیٹ میں سونے کی فی اونس قیمت 4,850 ڈالر سے تجاوز کرنے کے بعد، پاکستان میں بھی سونے کی قیمتوں میں 3 سے 4 ہزار روپے فی تولہ اضافے کا خدشہ ہے۔