عالمی امن کے بعد اندرونی استحکام کی کوشش؛ حکومت کی اپوزیشن کو مذاکرات کی دعوت، محمود خان اچکزئی نے اجلاس طلب کر لیا

اسلام آباد(رم نیوز) ایک طرف جہاں پاکستان عالمی سطح پر امریکہ اور ایران کے درمیان جنگ بندی کروا کر 'امن کا مرکز' بن چکا ہے، وہیں ملک کے اندرونی سیاسی تناؤ کو کم کرنے کے لیے بھی سیاسی سرگرمیاں تیز ہو گئی ہیں۔ حکومت کی جانب سے مذاکرات کی دعوت پر مشاورت کے لیے اپوزیشن اتحاد 'تحریکِ تحفظِ آئینِ پاکستان' کا اہم اجلاس آج طلب کر لیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق قائد حزب اختلاف محمود خان اچکزئی کی رہائق گاہ پر ہونے والے اس اجلاس میں پی ٹی آئی اور دیگر اتحادی جماعتوں کے قائدین شرکت کریں گے۔

اجلاس میں حکومت کی جانب سے مذاکرات کی پیشکش کا جائزہ لیا جائے گا، جبکہ پی ٹی آئی کے راولپنڈی جلسے اور ملک گیر احتجاجی تحریک کی حکمت عملی پر بھی غور ہوگا۔ ملک کے اندرونی سیاسی بحران کے درمیان، پاکستان نے عالمی سطح پر ایک بڑا معجزہ کر دکھایا ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی کوششوں سے امریکہ اور ایران دو ہفتوں کے لیے دشمنی روکنے پر متفق ہو گئے ہیں۔جمعہ، 10 اپریل کو دونوں ممالک کی ٹیمیں حتمی حل کے لیے اسلام آباد پہنچیں گی۔