پاکستان سٹاک ایکسچینج ،انڈیکس نئی بلند ترین سطح کو چھونے کے بعد ہچکولے کھانے لگا

کراچی (رم نیوز)پاکستان سٹاک ایکسچینج میں آج کے کاروباری سیشن کے دوران شدید ہیجانی کیفیت دیکھی گئی۔کاروبار کے آغاز پر مارکیٹ میں تیزی کا تسلسل برقرار رہا اور ہنڈرڈ انڈیکس 1 لاکھ 66 ہزار 382 کی بلند ترین سطح تک جا پہنچا۔ تاہم، یہ خوشی عارضی ثابت ہوئی اور اچانک مارکیٹ میں فروخت کا شدید دباؤ (Selling Pressure) دیکھا گیا۔ ٹریڈنگ کے دوران انڈیکس میں 3610 پوائنٹس کی بھاری کمی ریکارڈ کی گئی، جس سے مارکیٹ 1 لاکھ 61 ہزار 993 کی سطح تک نیچے آگئی۔ معاشی ماہرین اس مندی کو گزشتہ روز کی 14 ہزار پوائنٹس کی غیر معمولی تیزی کے بعد کی 'تکنیکی تصحیح' قرار دے رہے ہیں۔ایران امریکہ جنگ بندی کے اعلان نے عالمی سرمایہ کاروں کو تذبذب میں ڈال دیا ہے، جس کے اثرات ایشیائی مارکیٹوں پر بھی نظر آئے۔ انڈونیشیا اور فلپائن میں بالترتیب 4.5% اور 2% سے زائد کا نمایاں اضافہ ہوا۔ جاپانی انڈیکس نکی اور چین کا شنگھائی کمپوزٹ 1% تک مندی کا شکار رہے۔ہانگ کانگ ، ہینگ سینگ انڈیکس میں بھی 0.35% کی گراوٹ دیکھی گئی۔