وفاقی وزیر جنید انوار کی سفیر سے ملاقات ،پاکستان، ایتھوپیا اور جبوتی کے درمیان 'سہ فریقی بحری تجارتی اتحاد' کی تجویز

اسلام آباد(رم نیوز) وفاقی وزیر بحری امور محمد جنید انوار چوہدری سے ایتھوپیا کے سفیر ڈاکٹر عمر حسین نے ملاقات کی، جس میں پاکستان، ایتھوپیا اور جبوتی پر مشتمل ایک بڑے بحری تجارتی اتحاد کے قیام پر غور کیا گیا۔ وفاقی وزیر جنید انوار چوہدری نے ملاقات کے دوران کہا کہ تجارتی روابط کے فروغ کے لیے ایک مشترکہ بحری فریم ورک تشکیل دیا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان اپنی 'لوک افریقہ' پالیسی کے تحت افریقی ممالک کے ساتھ بحری روابط بڑھانے پر خصوصی توجہ دے رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایتھوپیا ایک زمینی ملک ہونے کے باوجود جبوتی کے ذریعے اپنی تجارت کو مزید وسعت دے سکتا ہے، اور اس سہ فریقی اتحاد میں مستقبل میں دیگر ممالک کی شمولیت بھی ممکن ہے۔ ایتھوپیا کے سفیر ڈاکٹر عمر حسین نے سہ فریقی بحری اتحاد کی تجویز کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ نئی سفارتی ذمہ داریاں سنبھالنے کے بعد یہ ان کی پہلی اہم ملاقات ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ایتھوپیا اس وقت پاکستان سے ادویات، سرجیکل آلات، گارمنٹس، کھاد اور چاول درآمد کر رہا ہے اور ان تجارتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانا چاہتا ہے۔وفاقی وزیر نے سفیر کو آگاہ کیا کہ پاکستانی بندرگاہوں کی کارکردگی میں نمایاں بہتری آئی ہے اور کارگو ہینڈلنگ میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دونوں ممالک کے ماہرین جلد ہی اس عملی فریم ورک کی تیاری کے لیے مشاورت شروع کریں گے۔