لبنان میں 'قتل عام' جاری، اب گیند امریکہ کے کورٹ میں ہے: ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی

اسلام آباد/تہران (رم نیوز) ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے لبنان پر اسرائیلی حملوں پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دنیا جنگ بندی کے اعلان کے باوجود جاری 'قتلِ عام' کی گواہ ہے اور اب امریکہ کو اپنے وعدوں پر قائم رہنے کا ثبوت دینا ہوگا۔ عباس عراقچی نے ایک بیان میں واضح کیا کہ ایران اور امریکہ کے درمیان طے شدہ جنگ بندی کی شرائط بالکل واضح ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عالمی برادری دیکھ رہی ہے کہ آیا امریکہ اپنے اعلانات پر عمل کرتا ہے یا نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ "گیند اب امریکہ کے کورٹ میں ہے، اسے یہ فیصلہ کرنا ہوگا کہ وہ واقعی امن چاہتا ہے یا اسرائیل کے ذریعے جنگ کا تسلسل، کیونکہ دونوں چیزیں ایک ساتھ ممکن نہیں۔

ایرانی وزیر خارجہ نے پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف کے جنگ بندی سے متعلق بیان کو سوشل میڈیا پر شیئر کیا، جو پاکستان اور ایران کے درمیان اس حساس معاملے پر سفارتی ہم آہنگی کو ظاہر کرتا ہے۔ایرانی میڈیا کے مطابق، عباس عراقچی نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے بھی رابطہ کیا اور انہیں اسرائیل کی جانب سے جنگ بندی کی مبینہ خلاف ورزیوں اور لبنان کی سنگین صورتحال سے آگاہ کیا۔