اسلام آباد/راولپنڈی(رم نیوز) وفاقی دارالحکومت میں امریکہ اور ایران کے مابین ہونے والے اہم مذاکرات اور غیر ملکی وفود کی آمد کے پیشِ نظر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں، جس کے باعث میٹرو بس سروس کو محدود اور ٹریفک کے لیے متبادل راستے متعین کر دیے گئے ہیں۔ میٹرو حکام کے مطابق ضلعی انتظامیہ کی ہدایت پر میٹروبس سروس کو محدود کر دیا گیا ہے۔ بسیں صرف راولپنڈی صدر سٹیشن سے پمز (PIMS) سٹیشن تک چلائی جا رہی ہیں۔پمز سے پاک سیکرٹریٹ تک میٹرو سروس مکمل طور پر معطل رہے گی۔
اسلام آباد ٹریفک پولیس نے شہریوں کی سہولت کے لیے خصوصی ٹریفک پلان جاری کیا ہے۔ زیرو پوائنٹ سے کورال چوک تک ایکسپریس وے دونوں اطراف سے ٹریفک کے لیے بند رہے گی۔ پشاور سے آنے والے ٹیکسلا موٹروے، چکری اور روات کا راستہ اختیار کریں، جبکہ لاہور سے جانے والے روات اور چک بیلی روڈ استعمال کریں۔
مارگلہ روڈ سے راولپنڈی جانے والے اور مری روڈ کے مسافروں کو نائنتھ ایونیو (9th Avenue) استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ وفاقی دارالحکومت میں آج اور کل ہر قسم کی ہیوی ٹریفک کے داخلے پر مکمل پابندی عائد ہے۔ واضح رہے کہ ان اہم سفارتی ملاقاتوں کے باعث اسلام آباد میں آج اور کل عام تعطیل کا اعلان بھی کیا گیا ہے تاکہ سکیورٹی اور پروٹوکول کے معاملات میں کوئی دشواری پیش نہ آئے۔