تھانے جانے کی ضرورت ختم: پنجاب میں شناختی کارڈ اور پاسپورٹ کی گمشدگی کی رپورٹ اب موبائل ایپ سے ہوگی

لاہور(رم نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے عوامی مسائل کے حل کے لیے 'پنجاب پولیس پاکستان ایپ' کا باقاعدہ افتتاح کر دیا ہے، جس کے بعد اب شہریوں کو رپورٹ کے اندراج کے لیے تھانوں کے چکر نہیں کاٹنے پڑیں گے۔اس نئی ایپ کے ذریعے شہری اپنے شناختی کارڈ، پاسپورٹ اور دیگر قیمتی دستاویزات کی گمشدگی کی رپورٹ براہِ راست اپنے موبائل فون سے درج کروا سکیں گے۔

ایپ پر رپورٹ درج ہوتے ہی متعلقہ ایف آئی آر ڈیجیٹل طور پر شہری کو گھر بیٹھے موصول ہو جائے گی۔ اب شہریوں کو ان چھوٹے معاملات کے لیے خدمت مرکز یا تھانے جانے کی ضرورت نہیں رہے گی۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ پنجاب کو جدت کی راہ پر گامزن کرنا حکومت کے ایجنڈے کا اہم حصہ ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ جدید ٹیکنالوجی کا استعمال نہ صرف عوام کے وقت اور وسائل کی بچت کرے گا بلکہ پولیسنگ کے نظام میں شفافیت بھی لائے گا۔

مریم نواز کا مزید کہنا تھا کہ حکومت کی اولین ترجیح عوام کو ان کی دہلیز پر فوری ریلیف فراہم کرنا ہے۔ ذرائع کے مطابق، اس ایپ کا مقصد پولیس اور عوام کے درمیان براہِ راست رابطہ قائم کرنا اور روایتی تھانہ کلچر کے دباؤ کو کم کرنا ہے۔ یہ ایپ پنجاب پولیس کے ڈیجیٹلائزیشن کے عمل میں ایک میل کا پتھر ثابت ہوگی، جس سے شہریوں کو فوری قانونی مدد حاصل کرنے میں مدد ملے گی۔