جنگ بندی کی خلاف ورزیاں سفارت کاری سبوتاژ کرنے کی اسرائیلی کوشش ہے، رضا امیری مقدم

اسلام آباد(رم نیوز) پاکستان میں ایران کے سفیر رضا امیری مقدم نے خطے کی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بار بار ہونے والی جنگ بندی کی خلاف ورزیوں نے ایرانی عوام میں شدید شکوک و شبہات پیدا کر دیے ہیں۔ایرانی سفیر نے اپنے خصوصی پیغام میں واضح کیا کہ ان خلاف ورزیوں کو ایرانی عوام محض اتفاق نہیں بلکہ اسرائیلی حکومت کی جانب سے ایک سوچی سمجھی کوشش سمجھتے ہیں، جس کا مقصد خطے میں جاری سفارتی کوششوں کو ناکام بنانا اور پائیدار امن کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کرنا ہے۔

رضا امیری مقدم نے تصدیق کی کہ وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف کی دعوت پر ایران کا ایک اعلیٰ سطح کا وفد "سنجیدہ مذاکرات" کے لیے آج رات اسلام آباد پہنچ رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ یہ مذاکرات ایران کی جانب سے پیش کردہ دس نکاتی منصوبے کی بنیاد پر ہوں گے۔ ان مذاکرات کا بنیادی ہدف خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کو کم کرنا ہے۔ایران پاکستان کے تعاون سے پائیدار امن کی راہ ہموار کرنا چاہتا ہے۔

یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب لبنان پر اسرائیلی حملوں میں شہید ہونے والوں کی تعداد 254 تک پہنچ چکی ہے۔ اس سنگین جانی نقصان پر عالمی رہنماؤں نے سخت ردعمل دیتے ہوئے تمام فریقین سے جنگ بندی کو برقرار رکھنے اور انسانی المیے سے بچنے کی پرزور اپیل کی ہے۔ سیاسی ماہرین اس دورے کو انتہائی اہمیت کا حامل قرار دے رہے ہیں، جہاں پاکستان ایک بار پھر مشرق وسطیٰ میں امن کے قیام کے لیے ایک اہم سفارتی مرکز بنتا نظر آ رہا ہے۔