بارودی سرنگوں کا خطرہ: ایران نے آبنائے ہرمز سے گزرنے والے جہازوں کیلئے نیا روٹ میپ جاری کر دیا

تہران/اسلام آباد (رم نیوز)ایران نے آبنائے ہرمز میں بحری جہازوں کی آمد و رفت کے لیے نئی نیویگیشنل ہدایات اور نقشے جاری کر دیے ہیں۔ ان اقدامات کا مقصد تجارتی جہازوں کو سمندری بارودی سرنگوں کے خطرات سے بچانا اور بحری سلامتی کو یقینی بنانا ہے۔ بحیرہ عمان سے خلیج میں داخلے اور خروج کے لیے جزیرہ لارک کے گرد مخصوص شمال و جنوب کے راستے متعین کیے گئے ہیں۔

یہ پیش رفت پاکستان کی ثالثی میں امریکہ اور ایران کے درمیان طے پانے والے دو ہفتوں کے جنگ بندی معاہدے کا حصہ ہے، جس کا مقصد طویل المدتی امن کیلئے مذاکرات کرنا ہے۔ پاسدارانِ انقلاب نے جہازوں کو ایرانی بحریہ سے قریبی رابطے میں رہنے کی ہدایت کی ہے۔ ایران نے مستقبل میں اس عالمی آبی گزرگاہ سے گزرنے والے جہازوں پر ٹرانزٹ فیس عائد کرنے کا عندیہ بھی دیا ہے۔ اس وقت دنیا کی 20 فیصد تیل کی ترسیل اسی راستے سے ہوتی ہے، جس کے باعث عالمی مارکیٹ کی نظریں اس اسٹریٹجک صورتحال پر لگی ہوئی ہیں۔