پاکستان بنا عالمی سیاست کا مرکز؛ امریکی نائب صدر اور ایرانی قیادت کے درمیان اسلام آباد میں تاریخی مذاکرات کا آغاز

اسلام آباد(رم نیوز) پاکستان کی میزبانی میں آج سے امریکہ اور ایران کے درمیان اہم ترین مذاکرات کا باقاعدہ آغاز ہو رہا ہے۔ ان مذاکرات کو دونوں ممالک کے درمیان حالیہ کشیدگی کے خاتمے اور مستقل جنگ بندی کی جانب سب سے بڑا بریک تھرو قرار دیا جا رہا ہے۔مذاکرات کے لیے امریکی نائب صدر جے ڈی وینس، جیرڈ کشنر اور سٹیو وٹکوف اسلام آباد میں موجود ہوں گے، جبکہ ایران کی نمائندگی وزیر خارجہ عباس عراقچی اور سپیکر باقر قالیباف کریں گے۔

حکومتِ پاکستان نے اس موقع پر سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے ہیں۔ وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر داخلہ محسن نقوی نے تمام تر انتظامات کی نگرانی کی ہے تاکہ ان حساس مذاکرات کے لیے پرامن اور سازگار ماحول فراہم کیا جا سکے۔وائٹ ہاؤس کے مطابق ان بند کمرہ مذاکرات کا مقصد ایک ایسی پائیدار ڈیل تک پہنچنا ہے جو امریکہ کے بہترین مفاد میں ہو، جبکہ عالمی ماہرین اسے پاکستان کی خارجہ پالیسی کی ایک بڑی کامیابی قرار دے رہے ہیں۔