اسلام آباد(رم نیوز) ملک بھر میں آج 1973 کے متفقہ آئین کی منظوری کی یاد میں "یومِ دستور" روایتی جوش و خروش سے منایا جا رہا ہے۔ اس تاریخی موقع پر صدرِ مملکت، وزیراعظم اور دیگر اعلیٰ سیاسی قیادت نے اپنے خصوصی پیغامات میں آئین کی بالادستی کو ملک کی بقا اور ترقی کے لیے ناگزیر قرار دیا ہے۔ صدر آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ 1973 کا آئین شہید ذوالفقار علی بھٹو کی سیاسی بصیرت کا ثمر ہے جو وفاقی توازن اور شہری حقوق کی فراہمی کا ضامن ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے دستور کے معماروں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے آئین کو ریاست اور عوام کے درمیان ایک مقدس معاہدہ قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ آئین ہر شہری کے بنیادی انسانی حقوق کا قانونی محافظ ہے۔ 1973 کا دستور وفاقِ پاکستان اور قومی اتحاد کی درخشندہ علامت ہے۔تمام ریاستی اکائیاں آئینی حدود میں رہتے ہوئے ملک کی معاشی خوشحالی کے لیے پرعزم ہیں۔واضح رہے کہ 10 اپریل 1973 کو پاکستان کی پارلیمان نے متفقہ طور پر موجودہ آئین کی منظوری دی تھی، جس نے ملک کو پارلیمانی نظامِ حکومت اور ایک مضبوط وفاقی ڈھانچہ عطا کیا۔