کراچی میں میٹرک امتحانات آج سے شروع، 3 لاکھ 80 ہزار طلبہ امتحان دیں گے، دفعہ 144 نافذ

کراچی(رم نیوز)شہرِ قائد میں ثانوی تعلیمی بورڈ کے تحت نویں اور دسویں جماعت کے سالانہ امتحانات کا آج سے باقاعدہ آغاز ہو رہا ہے۔ ان امتحانات میں 3 لاکھ 80 ہزار سے زائد طلبہ و طالبات شریک ہو رہے ہیں، جن کے لیے شہر بھر میں جامع انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ناظمِ امتحانات کے مطابق، امتحانی عمل کو شفاف اور نقل سے پاک بنانے کے لیے خصوصی اقدامات کیے گئے ہیں۔

امتحانات صبح اور دوپہر کی شفٹوں میں لیے جائیں گے۔ پرچوں کی بروقت ترسیل کو یقینی بنانے کے لیے 18 ٹاؤنز میں 25 مراکز قائم کیے گئے ہیں۔ کمشنر آفس میں ایک خصوصی سیل قائم کیا گیا ہے جو امتحانی عمل کی براہِ راست نگرانی کرے گا۔امتحانی مراکز کے اطراف میں نظم و ضبط برقرار رکھنے کے لیے کمشنر کراچی نے دفعہ 144 نافذ کر دی ہے، جس کے تحت مراکز کے قریب غیر متعلقہ افراد کے جمع ہونے پر پابندی ہوگی۔ اس کے علاوہ تمام مراکز پر پولیس کی نفری بھی تعینات کی گئی ہے۔

یاد رہے کہ میٹرک کے یہ سالانہ امتحانات پہلے 7 اپریل سے شروع ہونے تھے، تاہم بورڈ انتظامیہ نے بعد ازاں تاریخ میں تبدیلی کر کے 10 اپریل کا انتخاب کیا۔ آج پہلے روز سے ہی طلبہ کی بڑی تعداد مراکز کا رخ کر رہی ہے جہاں انتظامیہ نے بہترین ماحول فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔