واشنگٹن (رم نیوز) امریکی محکمہ دفاع (پینٹاگون) اور فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن (FAA) کے درمیان جنوبی سرحد کی نگرانی کے لیے ایک اہم معاہدہ طے پایا ہے۔ اس معاہدے کے تحت میکسیکو کے ساتھ واقع امریکی سرحد پر جدید ترین اینٹی ڈرون لیزر سسٹم نصب کیا جائے گا تاکہ غیر قانونی ڈرونز کا راستہ روکا جا سکے۔ ایف اے اے نے نیو میکسیکو میں اس لیزر سسٹم کی کامیاب ٹیسٹنگ کے بعد اس کی منظوری دی ہے۔
حکام نے اس بات کی توثیق کی ہے کہ سسٹم کے حفاظتی کنٹرولز کو اس طرح ترتیب دیا گیا ہے کہ اس سے عام مسافر طیاروں کی آمد و رفت کو کوئی خطرہ لاحق نہیں ہوگا۔اس سسٹم کی تنصیب کا فیصلہ ایک حالیہ غلطی کے بعد مزید اہمیت اختیار کر گیا ہے۔ گزشتہ ماہ 25 فروری کو امریکی فوج نے ٹیسٹنگ کے دوران نادانستہ طور پر اپنے ہی ایک سرکاری ڈرون کو لیزر سے نشانہ بنا کر گرا دیا تھا۔ اس واقعے کے بعد ٹیکساس کے علاقے فورٹ ہینکوک کے گرد فضائی پابندیوں کا دائرہ بڑھا دیا گیا ہے، جبکہ فروری میں ہی ایل پاسو ایئرپورٹ پر پروازیں 10 روز تک معطل رہی تھیں۔
ایف اے اے نے پائلٹوں کو ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ سرحد کے 5 سمندری میل کے اندر پرواز کرتے وقت محتاط رہیں۔ الرٹ کے مطابق اینٹی ڈرون ٹیکنالوجی کی لہریں طیاروں کے خودکار لوکیشن سسٹم (ADS-B) کو متاثر کر سکتی ہیں، جس سے نیوی گیشن میں مشکلات کا سامنا ہو سکتا ہے۔