ایران میں تاریخ کی طویل ترین انٹرنیٹ بندش: ایک ہزار گھنٹے کا ریکارڈ ٹوٹ گیا

تہران (رم نیوز) ایران میں حکومتی سطح پر نافذ کی جانے والی انٹرنیٹ کی بندش نے ایک سنگین عالمی ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔ عالمی انٹرنیٹ مانیٹرنگ ادارے NetBlocks کے مطابق، ایران میں انٹرنیٹ بلیک آؤٹ کا دورانیہ ایک ہزار گھنٹوں سے تجاوز کر گیا ہے، جو دنیا کے کسی بھی ملک میں اب تک کی طویل ترین اور وسیع پیمانے پر ہونے والی معطلی ہے۔ رپورٹس کے مطابق یہ پابندی فروری کے آخر میں شروع ہوئی تھی جو اب مسلسل کئی ہفتوں سے جاری ہے۔

اس طویل بندش کی وجہ سے ایرانی شہری عالمی برادری سے مکمل طور پر کٹ کر رہ گئے ہیں۔ انٹرنیٹ کی عدم دستیابی نے نہ صرف شہریوں کی معلومات تک رسائی چھین لی ہے بلکہ کاروبار، مواصلات اور تعلیمی سرگرمیاں بھی مفلوج ہو کر رہ گئی ہیں۔ ایرانی حکام نے اس وسیع تر پابندی کا دفاع کرتے ہوئے اسے قومی سلامتی سے جوڑا ہے۔ حکومتی مؤقف کے مطابق موجودہ جنگی حالات اور حساس سکیورٹی صورتحال کے پیشِ نظر عوام کے تحفظ کے لیے انٹرنیٹ کی فراہمی محدود کرنا ضروری تھا۔

ٹیکنالوجی ماہرین اور انسانی حقوق کے اداروں نے اس اقدام پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے انسانی حقوق کی خلاف ورزی اور معاشی تباہی کا پیش خیمہ قرار دیا ہے۔