کراچی میں شدید گرمی کی لہر؛ پارہ 37 ڈگری تک چھونے کا امکان، شہریوں کو الرٹ رہنے کی ہدایت

کراچی (رم نیوز) محکمہ موسمیات نے شہرِ قائد کے باسیوں کو خبردار کیا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران شہر میں موسم شدید گرم اور خشک رہے گا۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ بڑھتے ہوئے درجہ حرارت کے پیشِ نظر پیشگی حفاظتی انتظامات مکمل کر لیں۔محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق شہر میں کم سے کم درجہ حرارت 24 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

دن کے اوقات میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 سے 37 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کی توقع ہے۔موسمیاتی ماہرین کا کہنا ہے کہ کراچی میں اس وقت ہوا میں نمی کا تناسب 70 فیصد ہے، جس کے باعث گرمی کی تپش زیادہ محسوس کی جا سکتی ہے۔ اس وقت شہر میں مغرب اور جنوب مغرب کی سمت سے 11 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔ طبی ماہرین نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ گرمی کی اس لہر کے دوران پانی کا زیادہ سے زیادہ استعمال کریں اور دھوپ میں نکلتے وقت احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔