تہران / ماسکو(رم نیوز) ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ ایران خطے میں پائیدار امن اور سلامتی کے قیام کے لیے ایک متوازن اور منصفانہ معاہدے کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگر امریکہ بین الاقوامی قوانین کے فریم ورک میں واپس آ جائے تو کسی بھی تصفیے تک پہنچنا ناممکن نہیں ہے۔ روسی میڈیا کے مطابق صدر ولادیمیر پیوٹن نے ایرانی صدر مسعود پزشکیان کو ٹیلیفون کیا، جس میں دونوں رہنماؤں نے اسلام آباد میں ہونے والے حالیہ ایران امریکہ مذاکرات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
اس موقع پر صدر پیوٹن نے یقین دہانی کرائی کہ روس مشرقِ وسطیٰ کے تنازعات کے حل اور فریقین کے درمیان مفاہمت کی سہولت کاری کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔ ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے امریکہ کے ساتھ مستقبل کے کسی بھی معاہدے کو واشنگٹن کے رویے سے مشروط کرتے ہوئے کہا اگر امریکہ اپنی مطلق العنانیت ترک کر دے اور ایرانی قوم کے حقوق کا احترام کرے تو راستے نکل سکتے ہیں۔بین الاقوامی قوانین کی پاسداری ہی کسی بھی کامیاب معاہدے کی بنیاد ہے۔
ایران ایک ایسے معاہدے کا حامی ہے جو خطے میں پائیدار سلامتی کو یقینی بنائے۔ یہ رابطہ ایک ایسے وقت میں ہوا ہے جب اسلام آباد مذاکرات کے حوالے سے عالمی سطح پر مختلف چہ میگوئیاں جاری ہیں۔ صدر پزشکیان کے بیان سے ظاہر ہوتا ہے کہ تہران سفارتی حل کے لیے دروازے کھلے رکھنے کا حامی ہے، تاہم وہ اپنے قومی حقوق پر سمجھوتہ کرنے کو تیار نہیں۔