ہنگو(رم نیوز) ضلع ہنگو میں شرپسندوں نے ایک بار پھر امن و امان کو نشانہ بناتے ہوئے انسدادِ پولیو مہم کی حفاظت پر مامور پولیس دستے پر حملہ کر دیا، جس کے نتیجے میں ایک اہلکار شہید اور چار زخمی ہو گئے۔ پولیس ذرائع کے مطابق یہ بزدلانہ کارروائی تھانہ ٹل کی حدود میں واقع علاقے چھپری وزیران میں پیش آئی۔ شرپسندوں نے پولیو ٹیم کے ہمراہ موجود پولیس سکواڈ پر اندھا دھند فائرنگ کی، جس کے جواب میں پولیس نے بھی سخت مزاحمت کی اور فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
حملے میں شانگلہ سے تعلق رکھنے والے نوجوان اہلکار اسرار الحق شہید ہو گئے، جبکہ چار دیگر اہلکار زخمی ہوئے جنہیں فوری طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی علاقے میں پولیس کی مزید نفری طلب کر لی گئی ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ شرپسندوں کے تعاقب کے لیے پورے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔تمام داخلی و خارجی راستوں پر کڑی نگرانی رکھی جا رہی ہے تاکہ حملہ آوروں کو فرار ہونے سے روکا جا سکے۔