ایران کی بحری ناکہ بندی شروع: 'مزاحمت کی تو مفلوج کر دیں گے'، امریکہ کا آخری انتباہ

واشنگٹن(رم نیوز) امریکہ نے ایران کے گرد سفارتی اور عسکری گھیرا تنگ کرتے ہوئے ایرانی بندرگاہوں کی باقاعدہ ناکہ بندی کا آغاز کر دیا ہے۔ صدر ڈونلڈ ٹرمپ، نائب صدر جے ڈی وینس اور وزیر دفاع پیٹ ہیگستھ نے مشترکہ طور پر واضح کیا ہے کہ اب سمجھوتے کا وقت ختم ہو رہا ہے اور گیند اب مکمل طور پر ایران کے کورٹ میں ہے۔

امریکی وزیر دفاع (وزیر جنگ) پیٹ ہیگستھ نے انتہائی سخت لہجہ اپناتے ہوئے کہا کہ ناکہ بندی کے دوران اگر ایرانیوں نے فائرنگ یا مزاحمت کی تو یہ ان کے لیے خودکشی کے مترادف ہوگا۔ انہوں نے کہا ایران کی فضائی حدود ہماری مکمل گرفت میں ہیں۔ صدر ٹرمپ ایران کو مکمل مفلوج کرنے کی طاقت رکھتے ہیں، لیکن انہوں نے اب تک رحم دلی دکھائی ہے۔ ایران اب اپنی جنگی صلاحیتیں دوبارہ بحال کرنے کے قابل نہیں رہا۔

امریکی سینٹ کام کے مطابق خلیج عرب اور خلیج عمان میں ناکہ بندی کا عمل مکمل طور پر نافذ العمل ہو چکا ہے۔ ایرانی بندرگاہوں میں داخل ہونے اور نکلنے والے ہر جہاز کو چیک کیا جائے گا۔ صدر ٹرمپ نے اطمینان دلایا ہے کہ امریکہ کے پاس سعودی عرب اور روس سے زیادہ تیل موجود ہے، اس لیے ناکہ بندی سے عالمی سپلائی متاثر نہیں ہونے دی جائے گی۔