چاول کی برآمدات کا ہدف 10 ارب ڈالر مقرر کیا جائے، حکومت ہر ممکن سہولت دے گی: جنید انوار چوہدری

کراچی (رم نیوز) وفاقی وزیر بحری امور محمد جنید انوار چوہدری نے رائس ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن آف پاکستان (ریپ) کے دورے کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے چاول کی برآمدات کا ہدف 10 ارب ڈالر تک بڑھانے پر زور دیا ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ حکومت برآمد کنندگان کو بندرگاہی اور انتظامی سطح پر مکمل تعاون فراہم کرے گی۔ اجلاس کے دوران چیئرمین ریپ ملک فیصل جہانگیر نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ چاول کی صنعت اس وقت 4 ارب ڈالر تک پہنچ چکی ہے اور اسے 5 ارب ڈالر تک لے جانے کا ہدف ہے۔

اس مقصد کے لیے تقریباً 3 کروڑ ایکڑ رقبہ زیر کاشت لانے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے تاکہ پیداوار میں خاطر خواہ اضافہ کیا جا سکے۔ وزیر بحری امور نے بتایا کہ حکومت کی ترجیح ریونیو نہیں بلکہ تاجروں کو سہولت فراہم کرنا ہے۔ اس سلسلے میں اہم اقدامات درج ذیل ہیں۔ کراچی پورٹ پر ڈریجنگ شروع کر دی گئی ہے، جس کے بعد جہازوں سے سامان اتارنے کا وقت 7 دن سے کم ہو کر 2 دن رہ جائے گا، جس سے تاجروں کو 30 سے 40 ارب روپے کا فائدہ ہوگا۔ گہرے سمندر میں بڑے جہازوں کو ایندھن کی فراہمی شروع کر دی گئی ہے، جس سے 300 ارب روپے کی تجارتی سرگرمیوں کا امکان ہے۔ تاریخ میں پہلی بار عید کی تعطیلات کے دوران بھی بندرگاہ فعال رہی اور 16 جہازوں کو ہینڈل کیا گیا۔

چیئرمین کے پی ٹی کے مطابق بندرگاہی چارجز میں 60 فیصد تک کمی اور ڈیمرج فیس ختم کر دی گئی ہے۔ جنید انوار چوہدری کا کہنا تھا کہ بدلتی ہوئی علاقائی صورتحال نے پاکستانی تاجروں کے لیے کاروبار کے نئے مواقع پیدا کیے ہیں۔ رول آن/رول آف سروس، بلک کارگو کی اجازت اور ٹی آئی آر قواعد میں ترمیم جیسے اقدامات سے ٹرانزٹ ٹریڈ اور برآمدات کو مزید فروغ ملے گا۔ چاول کی برآمدات کا ہدف 10 ارب ڈالر مقرر کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ چاول کی صنعت 4 ارب ڈالر تک پہنچ گئی، 3 کروڑ ایکڑ رقبہ زیرِ کاشت لانے کا منصوبہ ہے۔